دو رکعات رہ جائیں تو نماز کیسے پوری کریں؟



جس شخص کی امام سے دو رکعات چھوٹ گئی ہوں تو اسے چاہیے کہ امام کو جس رکن میں پائے تکبیرِ تحریمہ کہہ کر نماز کی جماعت میں شامل ہوجائے اور تکبیرِ تحریمہ کہنے کے بعد ثناء پڑھنے کی ضرورت نہیں۔ امام کے دونوں سلام پھیرنے کے بعد اپنی بقیہ نماز اس طرح مکمل کرے  کہ مغرب کے علاوہ دیگر نمازوں میں (جس کی دو رکعت جماعت سے رہ گئی ہوں وہ) امام کے سلام کے بعد کھڑے ہوکر پہلے ثناء پھر سورۂ فاتحہ، فاتحہ کے بعد کوئی سورت پڑھ کر رکوع اور سجدہ کرے، پھر قعدہ کیلئے بیٹھے بغیر دوسری رکعت کیلئے کھڑا ہو کر دوسری رکعت میں بھی سورۂ فاتحہ اور اس کے بعد سورت پڑھ کر حسبِ معمول نماز مکمل کر لے۔

اور اگر مغرب کی نماز میں دو رکعت چھوٹ جائیں تو امام کے سلام کے بعد کھڑے ہو کر پہلی رکعت میں ثناء اور سورۂ فاتحہ اور سورت کی تلاوت کے بعد رکوع و سجدہ کر کے قعدہ میں بیٹھے (یہ اس کی مجموعی طور پر دوسری رکعت ہوگی اور اس کا یہ قعدہ ’’قعدۂ اولیٰ‘‘  کہلائے گا) تشہد پڑھتے ہی کھڑے ہو کر تیسری رکعت (جو چھوٹنے والی دوسری رکعت ہو گی) ادا کرے، اس میں بھی سورۂ فاتحہ اور سورت کی تلاوت کرے اور بقیہ نماز حسبِ معمول مکمل کر لے۔
Previous
Next Post »